لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہیڈ آفس میں اجلاس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً گلبرگ، سمن آباد اور علامہ اقبال ٹاؤن میں صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار برہمی کیا ہے۔ اگلے 5دنوں میں ان علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔ پانچ دن تک صورتحال بہتر نہ ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک امجد اعوان،سی ای او رافعہ حیدر اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ میاں محمود الرشید نے ہدایت کی کہ ایل ڈبلیو ایم سی حکام شہر بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپیشل سکواڈ تشکیل دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور شہر میں صفائی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ صفائی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔