لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے منظور شدہ قوانین کا عملی اطلاق اور نفاذ کرنا ناگزیر ہے اسکے بغیر جنس کی بنیاد پر تشدد کا راستہ بند نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر اور یونیسف کے اشتراک سے شروع کی گئی آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ انھوں نے کہا ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں طالبات کو پیشہ ورانہ شعبوں کی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے کہا امریکہ پاکستان میں خواتین کی ترقی کیلئے مختلف پروگرامز چلا رہا ہے، ہمیں خواتین کو آگے بڑھنے کے برابر کے مواقع میسر کرنا چاہیے۔ سینئر صحافی سلمان عابد ‘یونیسف پنجاب کی سربراہ سحر رضا جعفری ‘پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر رعنا ملک نے بھی خطاب کیا۔