عیدالاضحیٰ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی آپریشن ٹیم کیلئے خصوصی ٹریننگ کا اہتمام

لاہور(خبرنگار)اربن یونٹ کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سینئر افسر آصف اقبال اور انعم شاہد کی سربراہی میں لاہور ویسٹ  مینجمنٹ کمپنی کی آپریشن ٹیم کیلئے خصوصی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس دو روزہ ٹریننگ کا مقصد عید الاضحی سے قبل کمپنی کے آپریشن سٹاف کو صفائی کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تیار کرنا تھا۔ عید کے موقع پر 60ہزار ٹن سالڈ ویسٹ کا اندازہ لگایا جا رہا ہے اور لاہور میں اتنی مقدار میں ویسٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کے جامع اور مربوط پلان کی ضرورت ہے۔ تاکہ شہری اس مقدس تہوار کو صاف ستھرے ماحول اور صحتمند فضاء میں گزار سکیں۔ مزید برآں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے باعث عید الاضحی آپریشن پہلے سے زیادہ مشکل ہو سکتے ہیں۔ انہی چیزوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اربن یونٹ نے اس ورکشاپ کا انعقاد کیا تاکہ تمام آپریشن ٹیم کی تیاری بہتر انداز میں کی جا سکے ۔ٹریننگ حاصل کرنے والی ٹیم میں زونل آفیسرز، مینیجر ز ، اسسٹنٹ مینیجرز اور دیگر ارکان شامل تھے ۔ سی ای او عمر مسعود نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ٹریننگ کا مقصد ایل ڈبلیو ایم سی سے مشاورت کرنا تھا تاکہ مسائل کے بہترین حل تلاش کیے جا سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی فہد محمود نے اربن یونٹ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن