کراچی (آئی این پی+سٹاف رپورٹر) چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے معاملہ پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے آئی جی سندھ کو انکوائری کی ہدایت کر دی اور سنیئر پولیس افسر کو انکوائری افسر نامزد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت ایس او پی کے تحت چینی شہریوں کی سکیورٹی کی پابند ہے، چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ نان سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی شہریوں کو سکیورٹی فراہم کرنا سندھ پولیس اور مقامی سپانسرز کی ذمہ داری ہے۔ دریں اثنا آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں کسی چینی شہری سے بھتے کی کوئی شکایت رپورٹ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چینی بھائیوں کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، سکیورٹی خدشات کی وجہ سے چینی شہریوں کی آمدورفت محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کسی چینی شہری سے بھتے کی کوئی شکایت رپورٹ نہیں ہوئی، چینی شہریوں کی عدالتی چارہ جوئی سے متعلق چھان بین کررہے ہیں۔ غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد پولیس پر لازم ہے، مقامی سپانسرز کو بھی سکیورٹی کی وجہ سے پہلے جیسا رسپانس نہیں مل رہا۔