کراچی (نیوز رپورٹر) ڈائویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسرمحمد سعید قریشی نے
کہا ہے کہ بلا امتیاز اور تفریق مریضوں کی جان بچانا اور ان کا علاج معالجہ معالج کے حلف کی ابتداء اورشعبہ طب میں مسیحائی کی اساس ہے۔صلے اور ستائش کی تمنا رکھنا کسی مسیحا کی شان نہیں۔ مجھے حکومت پاکستان نے جو تمغہِ امتیاز سے نوازا ہے ، یہ اعزاز درحقیقت ڈائویونیورسٹی اور سول اسپتال کی میری ٹیم کا اعزاز ہے جن کی بے لوث خدمات کو ریاست نے تسلیم کیا ہے اور کرونا جیسی عالمگیر وبامیں پاکستانی ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے نے مریضوں کی جان کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مسیحائی کی عظمت کا پرچم سر بلند رکھا ہے۔ یہی مسیحائوں کی پہچان اور شان ہے۔ کرونا کی نئی لہر اومیکرون کا مقابلہ بھی عوام اور طبی عملے کو احتیاط کے ہتھیار سے ہی کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں حکومت پاکستان کی جانب سے قومی اعزاز " تمغہِ امتیاز " عطا کئے جانے پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب بعنوان "اعتراف کمالِ و تقریب سعید " میں بحیثیت مہمان ِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔