لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں داخل، سردی میں اضافہ

لاہور، ملتان ، کوئٹہ،کمالیہ (این این آئی+نامہ نگار) کوئٹہ‘ لاہور ،ملتان (این این آئی)مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا، کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی۔ چمن سمیت گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں ژالہ باری تو کہیں برف باری ہوئی۔بلوچستان کے متعدد شہروں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوگیا ہے۔دوسری جانب لاہور، ملتان، چیچہ وطنی اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش جاری رہی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی بادل برسے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا سسٹم 2 مارچ تک برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے تحت اسلام آباد، پنجاب،پی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف بار ی کا ا مکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل سندھ کے شہروں لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد اور سکھر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث 6پروازیں منسوخ اور 23میں تاخیر رہیں ۔فلائٹ شیڈول کے مطابق گلگت اور اسلام آباد کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606 منسوخ کر دی گئیں ، کراچی اور دبئی کے مابین 2خصوصی پروازیں آر جے 71، آر جے 72بھی منسوخ شیڈول میں ڈال دی گئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے 11ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔کراچی ایئر پورٹ سے 6، لاہور سے 4 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ، ملتان اور سیالکوٹ ایئر پورٹ سے 2 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ۔

ای پیپر دی نیشن