اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ایس پی سکیورٹی محمد سرفراز ورک اور چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر)سید ذیشان حیدر سے رات گئے اہم میٹنگ کی میٹنگ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، ٹریفک نظم و نسق، عوامی سہولت اور دیگر اہم انتظامی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی امور میں ذمہ داری سمیت پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنانے اور عوام دوست ٹریفک نظام کو مزید مؤثر کرنے کی ہدایات جاری کیں اس موقع پر انہوں نے ریڈ زون کے انٹری پوائنٹس پر چیک پڑتال کے انتظامات کو مزید بہتر کرنے سمیت ریڈ زون میں واقع اہم اداروں ،دفاتر اور سفارت خانو ں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں،انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت پورے وفاقی دارالحکومت کی سرویلنس سیف سٹی کیمروں کے ذریعے یقینی بنائی جائے ،اسی کے ساتھ ٹریفک انتظامات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا خصوصی جائزہ بھی لیا گیااور اسلام آباد کے شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے ، روڈ پر نظم و ضبط کو قائم کرنے،ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین خصوصا نو پارکنگ،تیز رفتاری اور تجاوزات سمیت سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید سخت اور موثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ،انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام سمیت مربوط ٹریفک کا نظام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔