حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے بچائو کے لیے ہیڈ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں فرضی مشقیں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے فرضی مشقوں اور مختلف محکموں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا۔ فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122،محکمہ ایری گیشن ، صحت ، لائیو سٹاک ، ضلع کونسل ، میونسپل کمیٹی ، سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شر کت کی ۔ریسکیو 1122کے غوطہ خور جوانوں نے پانی میں ڈوبے افراد کو بچانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی فرضی مشقیں بھی کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، اسسٹنٹ کمشنر سلما ن اکبر ، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر محمد عدنان نواز سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجو د تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکاکہنا تھا کہ دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب سے بچائو کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشگی تیاریاں اور انتظامات کیے گئے ہیں تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔