تربیلا(نامہ نگار)تربیلا پاور اسٹیشن کے ملازمین کی رہائشی کالونی اس وقت انگنت مسائل کا شکار ہے ۔ کالونی میں رہائش پذیر پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو )کے ملازمین کی مبینہ بجلی چوری کی قیمت پاور اسٹیشن اور اس سے متعلقہ تنصیبات پر شبانہ روز کام کرنے والے واپڈا ملازمین اوور بلنگ کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کالونی کے مکین پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ صفائی کا مناسب انتظا م نہ ہونے کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے۔کرونا وائرس سے بچا کیلئے تربیلا ڈیم پراجیکٹ کے لیفٹ بینک میں واقع کالونیوں میں TMA غازی کے تعاون سے دو سے زیادہ مرتبہ سپرے ہوچکاہے لیکن ملک کے سب بڑے پاور اسٹیشن اور اس سے متعلقہ تنصیبات پر کام کرنے والے ملازمین کی کالونیاں ابھی تک سپرے سے محروم ہیں۔ کالونی کے مکینوں نے متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔