لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس کے غیر معمولی اجلاس سے دو روز قبل اس حوالے سے فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے کانگریس ارکان کے ساتھ آن لائن سیشن کا اہتمام کیا گیا جس کا بنیادی مقصد پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں ترمیم کے متعلق آگاہ کرنا تھا ،کانگریس ارکان کی اکثریت جانب سے تجویز کیا گیا ہے کہ پی ایف ایف کے آئین کے آرٹیکل 38 جو کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کے انتخاب کے حوالے سے ہے اس میں مجوزہ ترمیم کے ذریعے موجودہ پی ایف ایف کانگریس اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے ارکان کو ہی بطور صدارتی امیدوار انتخاب لڑنے کا حق دیا جائے۔ اس دوران کانگریس ارکان بشمول ڈیپارٹمنٹس نمائندگان کی جانب سے اس خدشہ کا اظہار بھی کیا گیا کہ صدارتی انتخابات کی اہلیت کو مزید وسیع کرنے سے حکومتی و سیاسی مداخلت کا اندیشہ موجود ہے۔