متعلقہ فورم سے رجوع کریں، مینار پاکستان پر جلسے کی پی ٹی آئی درخواست خارج 

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی 22 مارچ کو مینارِ پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لئے دائر درخواست پر ہائیکورٹ آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے خارج کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر بطور اعتراضی سماعت کی۔ درخواست گزار پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری نے موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کرنا چاہتی ہے، تاہم انتظامیہ نے اجازت نامہ جاری کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومتی ریڈرسل کمیٹی کے پاس جانا بے سود ہو گا جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ریڈرسل کمیٹی فیصلہ نہ کرے تو درخواست گزار دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ ہائیکورٹ آفس نے اعتراض اٹھایا تھا کہ درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے دائر نہیں کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن