لاہور+وزیر آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج 25دسمبر کو منڈی بہائوالدین سے کسان مارچ کا آغاز کریں گے، کسانوں کے حقوق کی تحریک کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کریں گے۔ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں فلسطین یکجہتی ملین مارچ کریں گے۔ یہ جماعت اسلامی کی تحریک کی برکت ہے آج حکومت آئی پی پیز سے بات چیت کر رہی ہے۔ حکمران پہلے کہتے تھے آئی پی پیز معاہدوں کو چھیڑا نہیں جاسکتا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں۔ دونوں فریقین ملک کی خاطر بہتر فیصلہ کریں، پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں فارم پینتالیس بھی شامل ہونا چاہیے۔ حکومت انٹرنیٹ کی سروس کو بہتر کرے، انٹرنیٹ بندش اور سست سروس سے لاکھوں نوجوانون کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔کرم میں صورتحال بہت خراب ہے، بلوچستان کی حالات بھی اچھے نہیں ہیں، بلوچ کو عزت دی جائے، صوبے کی محرومیاں دور کی جائیں۔ افغانستان سے بھی مذاکرات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔