بجلی کا شاٹ فال 2900 میگاواٹ ، لاہور میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ 

اسلام آباد+ لاہور( نامہ نگاران+ نیوزرپورٹر+علاقائی نمائندوں سے) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 9 سو میگاواٹ رہ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ایندھن کی سپلائی شروع ہوگئی ،بجلی گھروں کے تکنیکی مسائل بھی حل کرلیے گئے ہیں، جس کے باعث شارٹ فال میں کمی ہوئی ہے اور شارٹ فال کم ہوکر 3 ہزار 900 میگاواٹ رہ گیا ہے، تاہم ملک میں بجلی کا شارٹ فال مزید کم ہوکر 2 ہزار 9 سو میگاواٹ رہ گیا ہے۔ ماہ صیام میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ رک سکا۔ جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرہ، جڑانوالہ، گگو منڈی، پھلروان چوک سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باعث شہری پریشان، کاروبار ٹھپ اور گرمی سے بحال شہری سراپا احتجاج بن گئے جبکہ ، لالہ موسیٰ میں بجلی کے ساتھ گیس بھی نایاب ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 20ہزار 5سو میگاواٹ اورپیداوار 17ہزار 6سو میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 11,100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2ہزار 5سو میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14ہزارمیگاواٹ ہے۔دوسری جانب گرمی اور رمضان کے مقدس ماہ میں عوام کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور معاملات زندگی متاثر ہونے کے باعث عوام پریشان ہیں۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 5گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ادھر ماہ صیام میں لاہور کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ لیسکو کو 600 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے جس کے سبب کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہونے سے کاروبار کرنا محال ہو گیا ہے۔ سیالکوٹ ، جڑانوالہ، گوجرہ ، پھلروان چوک میںغیر اعلانیہ بند ش نے شہری، مریض اور روزے داروں کوذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے جبکہ مساجد میں نماز کی ادائیگی اور وضو کیلئے پانی بھی نایاب ہو گیا۔ ادھر گگو منڈی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ12گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ علاوہ ازیں لالہ موسیٰ میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کے باعث سحری و افطاری میںبھی گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔

ای پیپر دی نیشن