لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہر اعتکاف کے دوسرے روز اپنے خطاب میں کہا اپنے نفس کی پیروی میں اپنی آخرت کو خراب نہ کریں۔ اپنی خواہشات کے غلبے میں اپنے دین اور اپنی آخرت کو نقصان نہ پہنچائیں۔ اللہ کے ولی وہی ہیں جو دنیا کے فانی عیش و آرام کو چھوڑ کر یادِ الٰہی میں سکون پاتے ہیں جو لوگ اپنی زندگی کا مقصد اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی بنا لیتے ہیں وہی قیامت کے دن کامیاب ہوں گے۔ پس دنیا کی عارضی لذتوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اللہ کے برگزیدہ بندوں کے نقشِ قدم پر چلیں کیونکہ یہی راستہ نجات اور فلاح کا راستہ ہے۔ دریں اثنا منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز ظہر کے بعد فکری و تربیتی نشست میں سیرت انبیا اور شخصیت سازی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انبیاء کرام کے ذکر سے لوگوں کی تربیت اور تزکیہء نفس کیلئے نصیحتیں فرماتا ہے، قرآن مجید میں ایسے سبق اور عبرت انگیز تذکرے موجود ہیں۔ انبیاء کی سیرت بیان کرنا سنت مصطفی ؐ بھی ہے اور سنت خدا بھی ہے۔