راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے) خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے راولپنڈی ریجن کے پانچوں اضلاع کے ہر تھانہ میں فوری طور پر ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹر قائم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے یہ سینٹرز راولپنڈی ریجن کے تمام تھانہ جات میں قائم کیے جا رہے ہیں، اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹر زکے قیام کا مقصد متاثرہ خواتین اور بچوں کو مقدمے کے اندراج، قانونی رہنمائی اور خاندانی تنازعات میں مشاورت کی سہولت فراہم کرنا ہے،ان سینٹرز پرخواتین و بچوں کو تھانوں میں محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا، تھانہ کی سطح پر قائم سینٹرز میں خاتون پولیس افسر کو تعینات کیا جائے گا جو صرف خواتین و بچوں کے متعلق کیس کی تفتیش کریں گی آر پی او نے کہا کہ ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز متبادل تنازعاتی حل کا پلیٹ فارم بھی ہوں گے جہاں فریقین کے درمیان مفاہمت کے ذریعے مسائل کو پرامن طور پر حل کیا جائے گا،یہ مراکز متعلقہ ایس ڈی پی اوز کی براہ راست نگرانی میں کام کریں گے، جبکہ روز مرہ کی کارکردگی کی ذمہ داری مراکز پر تعینات خاتون افسر پر ہو گی،یہ اقدام نہ صرف خواتین اور بچوں کے تحفظ کی جانب ایک عملی قدم ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا-