میکسیکو سٹی (اے پی پی)میکسیکو کے ساحلی تفریحی مقام ٹولم کے ایک ریستوران میں مشتبہ گروہ کے ارکان کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 2 غیر ملکی خواتین ہلاک اور 3زخمی ہو گئیں ، پولیس نے فائرنگ کرنے والوں میں سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کوئنٹانا رو ریاست کے ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خواتین کا تعلق جرمنی اور بھارت سے جبکہ زخمیوں کا تعلق جرمنی اور ہالینڈ سے ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ متاثرین میں سے ایک موقع پر اور دوسری ہسپتال میں دم توڑ گئی ۔ ٹولم کے میئر مارسیانو دزول نے بتایا کہ متاثرین کا مشتبہ گروہ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ گروہ کے درمیان ہونے والی فائرنگ کی زد میں آگئے تھے ۔