راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شجرکاری مہم کے حوالے سے 6th روڈ پر واقع ملیہ پارک میں شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب ''پلانٹ فار پاکستان'' کے عنوان پر منعقد کی گئی، مہمانِ خصوصی ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب تھیں،ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان،ممبرانِ صوبائی اسمبلی زیب النسا اعوان اور عاصمہ عباسی نے شجرکاری مہم میں موجود تھیں، طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر خواتین نے پودا لگایا اور اس کے بعد شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے پی ایچ اے افسران و سٹاف سمیت آگاہی واک میں بھی شرکت کی،پارک میں موجود بچوں نے بھی پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا،بعد ازاں ملیہ پارک میں مفت پودے تقسیم کرنے کے کیمپ میں جا کر محترمہ طاہرہ اورنگزیب اور دیگر نے عوام میں مفت پودے تقسیم کئے، مہمان ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ماحولیات کو صحت مند بنانے کے لئے درخت لگانے کی بہت اہمیت ہے،ہمیں اپنے اپنے علاقوں ،شہروں،گلی محلوں کو آلودگی سے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے شجرکاری کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا، انکا مزید کہنا تھا کہ خواتین پی ایچ اے کی شجرکاری مہم میں شانہ بشانہ حصہ لیں اور سرسبز راولپنڈی کے مشن میں اپنا حصہ ڈالیں، ملیہ پارک میں 105 پودے لگائے گئے اور 150 پودے عوام میں تقسیم کئے گئے۔