یو ایم ٹی کی ترقی و استحکام کیلئے ابراہیم مراد کی کاوشیں قابل تقلید ہیں:وزیرتعلیم 

لاہور (لیڈی رپورٹر ) صوبائی وزیر تعلیم رانا محمد سکندر حیات کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں آمد، سابق صوبائی وزیر اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد سے اہم ملاقات کی جس میں سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی گورننس اور دیگر تعلیمی اصلاحات اور درپیش مسائل کے حل پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ابراہیم مراد کے ماحول دوست وژن کو سراہتے ہوئے کہا یو ایم ٹی کی ترقی و استحکام کیلئے ابراہیم مراد کی کاوشیں قابل تقلید ہیں۔ پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے جس سے یونیورسٹیوں کی فنانشل ہیلتھ بھی بہتر ہو گی۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت جامعات کی فنڈنگ کو ان کی پرفارمنس سے مشروط کر رہی ہے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ ابراہیم حسن مراد نے رانا سکندر حیات کو یو ایم ٹی کی ’’میٹا ورس‘‘ پر لانچنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انکا کہنا تھا نجی یونیورسٹیوں کو سرکاری سکیموں میں شامل کرنا ایک خوش آئند بات ہے۔ صدر یو ایم ٹی نے کہا تعلیمی شعبے کی ترقی، بہتری اور استحکام ملک و قوم کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

ای پیپر دی نیشن