ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، پتنگ بازی غیر شرعی، علماء کا فتویٰ 

لاہور (نامہ نگار) پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کے نامور علماء کرام نے ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیلوں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کر دیا۔ علماء کرام کا کہنا ہے کہ  ہر وہ عمل جو انسانی جان کو خطرے میں ڈالے، اسلامی تعلیمات کے منافی ہو، سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ علماء کرام نے اپنے فتویٰ میں واضح کیا کہ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ایسے خطرناک کھیل خودکشی کے مترادف ہیں جن سے اجتناب ہر مسلمان پر لازم ہے۔ فتویٰ میں کہا گیا کہ ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات معاشرتی بگاڑ کا سبب اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بھی علماء کرام کے فتویٰ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پتنگ کی ڈور اور ہوائی فائرنگ کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ ون ویلنگ کے باعث حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فیصل کامران نے کہا ہے کہ رواں سال کے صرف 20 روز کے دوران ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ پتنگ بازوں کے خلاف 150 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ اسی طرح ہوائی فائرنگ میں ملوث 118 افراد کو بھی جیل بھجوایا جا چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن