جانیں دینے والے 200 سکھ  ہیرو، سلام پیش کرتے ہیں، ساکا ننکانہ تقریبات 

ننکانہ (نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کو ہندوئوں اور انگریزوں کے قبضہ سے آزاد کرانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے دو سو سکھوں کی یاد میں منایا جانے والا ساکا ننکانہ صاحب کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ، جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور سمیت دیگر ممبران، سکھ رہنمائوں اور سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کی، اس موقع پر پاکستان کی ترقی و سلامتی اور امن و امان کے لئے خصوصی ارداس (دعا) بھی کی گئی۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ اپنے ہیروز کو بھولنے والی قومیں کبھی آگے نہیں بڑھ سکتیں، ساکا ننکانہ صاحب میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکھ ہمارے ہیروز ہیں، جنہیں ساری سکھ قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام مذاہب اور ان کے ماننے والوں کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو ملنے والی مذہبی آزادی دنیا بھر میں ایک مثال ہے، تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور سکھ رہنمائوں کو یادگاری سروپا بھی دئیے گئے، سکھ یاتریوں نے قیام و طعام، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے  پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن