فاسٹ بولر محمد عامر نے شاہین آفریدی کے بولنگ ایکشن میں غلطی بتادی۔ نجی ٹی وی پروگرام میں فاسٹ بولر محمد عامر نے اسٹیج پر کھڑے ہوکر سمجھایا کہ شاہین انجری کے بعد سے اب تک کیا غلطی کررہے ہیں، اسے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ جیسے ہی شاہین گیند کرنے کے لیے کریز تک پہنچتا ہے تو اس کا لینڈنگ پاؤں کھل جاتا ہے۔ عامر نے واضح کیا کہ اس غلط ترتیب کی وجہ سے اس کی ڈلیوری کی قوت ہدف پر رہنے کی بجائے پھیل جاتی ہے جو بالآخر اس کی ان سوئنگ ڈیلیوری کو متاثر کرتی ہے۔عامر نے نوجوان گیند بازوں میں عام غلط فہمی کی وضاحت کی کہ ڈیلیوری کی طاقت صرف بازو سے آتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی قوت گیند کرتے ہوئے باڈی کی الائمنٹ سے پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر ایک باؤلر کا سر ایکشن کے دوران ایک طرف ہو جاتا ہے تو اس سے ان کا توازن بگڑ جاتا ہے اور اس کے نتیجے میں اس کی ڈیلیوری کی طاقت ختم ہو جاتی ہے۔پروگرام میں شامل سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر کے خلاف بہتر گیند کرتے ہیں اس لیے انہیں کامیابی ملتی ہے لیکن دائیں ہاتھ کے بیٹر کے خلاف انہیں وہ سوئنگ نہیں مل رہا جو پہلے ملا کرتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بولنگ ایکشن میں تھوڑے ردوبدل کی ضرورت ہے، شاہین کے بولنگ ایکشن پر کوچز کو توجہ دینی چاہیے تھی۔