اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان میڈیا تعاون کو وسعت دینے، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، عالمی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔ یہ بات انہوں نے سعودی میڈیا فورم کے موقع پر بحرین کے وزیر اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط، مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے میڈیا وفود کے تبادلے اہمیت کے حامل ہیں۔ بحرین کی نیوز ایجنسی بی این اے اور پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے درمیان خبروں کے اشتراک کی تجویز دی۔ دونوں اطراف نے حالیہ برسوں میں اعلیٰ سطحی وفود کے باقاعدہ تبادلوں کا خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بحرین کے پارلیمانی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا اظہار ہے۔