مسلم حکمران اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں: زبیر احمد ظہیر 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی درندگی اور دہشتگردی انتہا کو پہنچ چْکی ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہوچکا ہے۔ اس پر اپنی ذمہ داری کو پورا نہ کرنا انسانیت دشمنی اور ظلم میں شامل ہونے کے مترادف ہے۔ اس مسئلہ پر تمام مسلم حکمران متحد ہو کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینے اور اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے کے لئے دلیرانہ عملی اقدامات شروع کریں۔ خالی اجلاسوں، قراردادوں یا مذمتی بیانوں پر اکتفا کرنا بد ترین منافقت اور بزدلی ہے۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں آل پارٹیز آزادی فلسطین کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے مولانا محمد شفیع جوش، علامہ فیاض احمد سلفی، پروفیسر عدنان فیصل، مولانا شعیب الرحمن قاسمی، میاں محمد اصغر، مولانا صہیب احمد محمدی اور مولانا عبدالستار نیازی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا محمد شفیع جوش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر دنیا کے ہر مسلمان کو اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ تمام مسلمانوں پر یہ فرض اور لازم ہے کہ تمام اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کا ہر سطح پر مکمل بائیکاٹ کریں۔

ای پیپر دی نیشن