اسٹیبلشمنٹ تیار تو خود بات کروں گا: بانی پی ٹی آئی: پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار

اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے خود بات کرنا چاہتا ہوں اگر وہ تیار ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی کو سلیمان اور قاسم کے انٹرویو کے بارے بتایا، وہ اپنے بیٹوں کے انٹرویو پر بہت خوش ہوئے ہیں، عمران خان کو بتایا کہ بچے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے کسی صورت بات نہیں ہوگی، (ن) لیگ نے پاکستان کی اخلاقیات ختم کردی ہیں۔ علمیہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف آواز اٹھانے کا کہا، ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد انصاف دفن ہوچکا ہے، حالات یہ ہیں ہم بھی جب عدالت جاتے ہیں جج کہتے ہیں ان کے ہاتھ بندھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے پر ہم بات نا ہی کریں تو اچھا ہے۔ اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا۔ لاہور پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمات میں بانی کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ پولیس ٹیم کے پہنچنے پر جیل کا عملہ عمران خان کو سیل میں بلانے کے لیے گیا لیکن وہ نہیں آئے۔ لاہور پولیس کی 11 رکنی ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل آئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن