اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ادارہ جاتی سطح پر روابط‘ دفاعی تعاون‘ خطے کی بدلتی جیو سٹرٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط اور مشترکہ حکمت عملیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ علاقائی سکیورٹی کی موجودہ حالات میں بھرپور عملی تیاری اور تیز تر ہم آہنگی کو لازمی قرار دیا۔ ائیرچیف نے کہا کہ پاکستان اور چین تاریخی اور آزمودہ دوستی کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاک چین دوستی باہمی اعتماد‘ تزویراتی ہم آہنگی اور خطے میں امن کے عزم پر مبنی ہے۔ مستقبل میں باہمی تعاون و شراکت داری کے ذریعے پاک چین دوستی مزید گہری ہو گی۔