لاہور (خبر نگار، نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر خارجہ اور رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ اشبا کامران نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بلاول بھٹو زرداری بیک وقت پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے رکن ہیں، الیکشن ایکٹ کے تحت بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کی رکنیت نہیں رکھی جا سکتی۔ بلاول بھٹو الیکشن ایکٹ کے تحت رکن قومی اسمبلی نہیں رہ سکتے، استدعا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بلاول بھٹو زرداری کی اسمبلی سے رکنیت سے نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے ہائیکورٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف رٹ پٹیشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے خلاف عدالتوں میں سیاست کرنے والے ان کی عوامی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے خلاف پٹیشن بدنیتی پر مبنی ہے۔ یہ عناصر جعلی رٹ پٹشنوں کے نام پر عدلیہ کا وقت ضائع کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے بطور چیئرمین انتخاب کی توثیق الیکشن کمشن بھی کر چکا ہے۔ گمراہ کن پٹیشن کا مقصد سیاست کو آلودہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت کو ایسے منفی ہتھکنڈوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔