لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری و علماء و مشائخ ونگ کے چیئرمین قاری محمد یعقوب شیخ نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل کو کو شریعت محمدی ؐ، قرآن و سنت اور اسلامی خاندانی نظام پر کھلا حملہ قرار دیتے کہا ہے کہ شریعت مطہرہ کے مطابق نکاح کیلئے عمر کی نہیں بلکہ بلوغت کی شرط ہے۔ سینیٹ و قومی اسمبلی سے منظور شدہ بل میں شامل سزائیں جیسے نکاح پڑھانے پر قید، جرمانے، اور والدین و سرپرستوں کو مجرم قرار دینا نہایت افسوسناک اور اسلام مخالف رویہ ہے۔ ایسے قوانین سے نکاح جیسے پاکیزہ عمل کو جرم قرار دے کر معاشرے کو فحاشی، بدکاری اور زنا کے دہانے پر دھکیلا جا رہا ہے۔ اسلامی معاشرہ نکاح کے ذریعے طہارت اور تحفظ کا ضامن بنتا ہے۔قاری محمد یعقوب شیخ نے مطالبہ کیا کہ یہ بل فی الفور واپس لیا جائے اور ایسی قانون سازی صرف اسلامی نظریاتی کونسل کی منظوری سے مشروط کی جائے۔ بصورت دیگرپاکستان مرکزی مسلم لیگ دینی وسیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔