بیجنگ (آئی این پی )فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور جبری بے دخلی کے خلاف چین نے دوٹوک اور واضح موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ صرف فلسطینیوں کا ہے اور یہ فلسطین کا اٹوٹ انگ ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ما نِنگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ فلسطینی عوام کو ان کی زمین سے بے دخل کرنا ناقابل قبول ہے اور چین اس جبری قبضے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق غزہ پر فلسطینیوں کی ہی حکومت ہونی چاہئے اور یہی اصول لڑائی کے بعد بھی لاگو ہونا چاہئے۔ چین نے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور ان کے حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور دو ریاستی حل کے لیے ہر ممکن سفارتی، سیاسی اور انسانی کوشش کرنے کو تیار ہے۔