گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر کے صدر عمر اشرف مغل کی ریکمنڈیشن پر بہت جلد گوجرانوالہ،گجرات اور سیالکوٹ گولڈن ٹراینگل کیلئے کراچی سے وزیر آباد تک کارگو ٹرین چلائی جا رہی ہے۔اس کیلئے تمام ورکنگ مکمل ہو چکی ہے یہ کارگو ٹرین آپریشنل ہونے جا رہی ہے۔علاوہ ازیں شیرانوالہ باغ ریلوے پھاٹک کی بندش اور پرانے ریلوے سٹیشن کے ملبے کیطرف صدر گوجرانوالہ چیمبر نے محکمہ کی توجہ مبذول کروائی ہے ان مسائل کو فوری حل کرانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں امید ہے چند دنوں میں گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کو اس مسئلے سے نجات مل جائے گی۔اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر،فیصل آباد چیمبر،شیخوپورہ چیمبر اور لاہور چیمبر کے صدور بھی موجود تھے۔صدر گوجرانوالہ چیمبر عمر اشرف مغل نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے وزیر آباد کارگو ٹرین کے چلنے سے تینوں صنعتی شہروں کی بزنس کمیونٹی کی مصنوعات نہ صرف اپنی دہلیز تک با آسانی پہنچ سکیں گی بلکہ اس کارگو ٹرین سے بزنس کمیونٹی کو مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ کراچی سے وزیرآباد تک کارگو ٹرین چلائی جائے۔علاوہ ازیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہت جلد اس کارگو ٹرین کا ٹرمینل بھی تعمیر کیا جائے گا۔نیز گوجرانوالہ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کیلئے بھی کوشش کی جائے۔