اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کمال ناصر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹریکٹرز کو جاری کاموں میں فوری طور پر کنسٹریکشن میٹیریل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی شرح سے ریلیف فراہم کیا جائے۔ ملک میں کنسٹریکشن مٹیریل میں ہونے والے بے تحاشا اضافے کی وجہ سے کنسٹریکشن انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ جب تک مہنگائی کے تناسب ریٹس میں اضافہ نہیں کیا جاتا مسائل حل نہیں ہوں گے، اگر ہماری حالت زار پر رحم نہ کہا گیا تو لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے اور صنعت انڈسٹری سے جڑی دیگر صنعتیں بھی بند ہو جائیں گی اور اس سے ملک میں نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے لہذا وزیراعظم ایسی کوئی بھی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے مسائل حل کریں۔ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو کھربوں کے منصوبے بند کر کے ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تنظیم کے دیگر راہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمال ناصر خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔