بہاولنگر‘ منڈی صادق گنج‘ بہاولپور ‘ چشتیاں (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ بیورو رپورٹ‘ نمائندہ خصوصی) بہاولنگرمیںیوم عاشور کے مرکزی جلوس پر کریکر حملہ،دو افراد جاں بحق،24افراد زخمی،جلوس کے شرکاء کا مشتعل ہوکر جناح کالونی میں پتھراؤ ، پولیس نے جانفشانی کے ساتھ قابو پایا اور پاک فوج نے کنٹرول سنبھال لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا نے اہل تشیح برادری سے اظہار ہمدردی،کریکر دھماکے کی مذمت اور پنجاب حکومت کی طرف سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو دس، دس لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو ایک،ایک لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیابعدازاں صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جاکر مریضوں کی عیادت کرکے پھولوں کے تحائف دئیے اور تمام علاج سرکاری سطح پر کروانے کا حکم دیا۔ باؤثوق ذرائع کے مطابق یوم عاشور کے جلوس پر کریکر دھماکہ کے حوالے سے پنجاب حکومت کو ارسال کی جانے والی سرکاری رپورٹ کے مطابق یوم عاشور کے جلوس پر جیل روڈ جناح کالونی کی جامع مسجد کے قریب دن 9بجکر 35منٹ پر کریکر سے حملہ ہواجس میں ایک ہی خاندان کے 5افراد زخمی ہوئے جس میں 18سالہ سلمان نذیر ولد محمد نذیر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ کم عمر بچی ماہین زہرہ دختر اقرار حسین ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آپریشن کے فوری بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔سرکاری رپورٹ کے مطابق کریکر حملے سے متاثرہ 26افراد ہسپتال میں داخل ہوئے جن میں سے 9مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر گھر واپس بھیجوا دیا۔4مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے لاہور اور بہاولپور منتقل کردیا گیا۔11مریض ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر میں زیر علاج ہیںتاہم پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آکر شک کی بناء پر جامع مسجد کے مؤذن کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے تاہم اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ موقع پر گرفتار ہونے والا مسجد کا موذن بے گناہ ہے ۔منڈی صادق گنج سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بہاول نگر جامعتہ الزہرا سے نکلنے والے جلوس پر ہینڈ گرینڈ حملہ میں دو عزادار جاں بحق ، 53 زخمی ، ایک ملزم گرفتار ، ضلع بھر میں موبائل سروس کی بندش دوسرے دن بھی جاری ہیں۔صوبائی وزیر عشر وزکوۃشوکت علی لالیکا دھماکے کی اطلاع پر فوری مرکزی جلوس میں پہنچے اور اس کے بعد زخمیوں کی عیادت کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچے ، پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کا مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے سہولت کاروں اور دیگر کرداروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، صوبائی وزیر عشر و زکوۃ شوکت علی لالیکا اور ترجمان وزیراعظم شہباز گل نے دھماکے کو امن دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاول نگر کا دورہ کیا۔ دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ انہوں نے زیر علاج افراد کو گلدستے اور پھل پیش کئے اور علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک بھی ان کے ہمراہ تھے دریں اثناء دھماکے کا مقدمہ ڈی پی او بہاول نگر کی مدعیت میں قاری بارک اللہ ، جامع مسجد کی انتظامیہ اور نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں درج کر لیا گیا۔ بہاولپور سے بیورو رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز بعدنمازجمعہ شیعہ جامع مسجد بہاول پورمیں شیعہ تنظیموں ایم ڈبلیوایم پاکستان ضلع بہاول پور‘شیعہ علماء کونسل بہاول پورڈویژن‘ انجمن حسینیہ بہاولپور‘ عزادارکونسل بہاول پور‘جعفریہ کونسل بہاول پور‘ آئی ایس اوپاکستان بہاول پورڈویژن‘ تنظیم فدائیان علی اکبر بہاولپور اورالقائم کونسل بہاولپور کے سربراہان ونمائندگان نے شرکت کی اجلاس میں بہاول نگر کے مرکزی ماتمی جلوس پردہشت گردوں کے ہینڈگرینڈکے حملے شدیدمذمت کی گئی۔خان پور سے نیوز رپورٹر کے مطابق بہاولنگر بم دھماکہ ملک دشمن عناصر کی سازش ہے قوم ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے متحد ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے رہنما ایم این اے شیخ فیاض الدین اور ایم پی اے چوہدری ارشد جاوید نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں گیم الٹ ہوتی دیکھ کر انڈیا سمیت دیگر دشمن ممالک غلطیاں کر رہے ہیں ایشیا کا سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے ایسے وقت میں ہر ذمہ دار شہری کو آنکھیں اور کان کھلے رکھنے ہونگے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں جغرافیائی اور سیاسی اہمیت حاصل کر چکا ہے جبکہ دشمن ممالک کو سی پیک اور امن و امان بھی کھٹک رہا ہے لیکن قوم کے مثالی اتحاد کی وجہ سے دشمن کی کوئی سازش بھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔