حافظ آباد میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کاآغاز  

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد میں بھی آج سے پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 2 لاکھ 38 ہزار 551 بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلائے جائینگے۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے جھگیوں میں رہنے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظہیر احمد بھی انکے ساتھ تھے۔ محکمہ صحت کی جانب سے  998ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو سکولوں،بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن،مدارس، عوامی مقامات اور گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے جیسی خطرناک  بیماری سے بچاؤ کے لیے قطرے پلائینگی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق  کاکہنا تھا کہ آج سے 25اپریل تک جاری رہنے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جائیگا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی پوری کوشش ہو گی کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ  بھی پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پینے سے نہ رہ جائے۔اس لیے بچوں کو قطرے پلانے والی ٹیموں کی بھی خصوصی مانیٹرنگ کی جائیگی۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی علمائے کرام، اساتذہ،میڈیا کے نمائندوں، تاجروں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور بالخصوص والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کے بہتر اور صحت مند مستقبل کے لیے انہیں پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں تا کہ ہمارے بچے اس فوری مرض سے محفوظ اور پاکستان پولیو فری ملک بن سکے۔

ای پیپر دی نیشن