واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے داخلے پر پابندی کے لئے ملکوں کی فہرست بنانے کی تردید کر دی۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق جس فہرست کا انتظار ہورہا ہے اس کا وجود نہیں۔ جائزہ لے رہے ہیں ویزا مسائل سے کیسے نمٹنا ہے۔ دیکھنا ہے کسے داخلے کی اجازت دینی ہے۔ جائزہ مکمل ہوگا تو اس پر بات کر سکیں گے۔ رپورٹس میں کہا گیا تھا ٹرمپ انتظامیہ سفری پابندیوں پر غور کر رہی ہے۔ پاکستان سمیت متعدد ممالک متاثر ہوں گے۔ دریں اثناء امریکی نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور روس کے ہم منصب پیوٹن کی جلد ملاقات کا امکان ہے۔ امید ہے ہم ایک دو ہفتوں میں یوکرائن میں مکمل جنگ بندی پر پہنچ سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے صدر پیوٹن نیک نیتی سے جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں۔ روس پر پابندیوں میں نرمی یوکرائن میں جنگ بندی معاہدے سے مشروط ہے۔ امریکہ روس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرائن کے ہم منصب زیلنسکی کو فون کیا۔ وہائٹ ہاؤس کے مطابق جنگ بندی سے متعلق امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔