لاہور‘ فیروز والہ (نامہ نگار) ڈکیتی‘ چوری کی وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے‘ زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے گڑھی شاہو میں ایثارکے گھر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یر غمال بنا کر 5لاکھ 65ہزار روپے‘ رائیونڈ سٹی میں محمد سعید کے گھر سے 5 لاکھ روپے‘ زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاد باغ میں احمد اور اس کی فیملی سے4 لاکھ 47ہزار روپے‘ سمن آباد میں حنیف کی فیملی سے 3لاکھ 45 ہزار روپے‘ زیورات اور موبائل فون، شما لی چھاؤنی میں اعجا ز سے 2 لاکھ 90 ہزار روپے‘ موبائل فون، کاہنہ میں گو ہر سے 2 لاکھ 13ہزار روپے‘ موبائل فون، مناواں میں شو کت سے 65ہزار روپے‘ موبائل فون، ملت پارک میں ثاقب سے 55ہزار روپے‘ موبائل فون، گلشن اقبال میں طاہر سے 45ہزار روپے‘ موبائل فون، اسلام پورہ میں صابر سے40ہزار روپے‘ موبائل فون، جوہر ٹاؤن میں عامر سے27ہزار روپے‘ موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے نصیرآباد اور ملت پارک سے دو گاڑیاں جبکہ نواں کوٹ، گلشن اقبال، ڈیفنس، نشتر کالونی، سبزی منڈی، ساندہ اور لٹن روڈ کے علاقوں سے سات موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی داؤکے کے قریب ڈکیتی واردات میں موٹر سائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے نوجوان منور صفدر کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کا بھائی محفوظ رہا، ڈاکو فرار ہو گئے۔ مبارک آباد صفدر علی کے دو بیٹے منورصفدر اور ابوبکر منور پٹرول پمپ ملازم ہیں۔ منور صفدر بھائی کے ہمراہ پٹرول پمپ سے 35 لاکھ روپے لے کر موٹر سائیکل پر بنک جمع کرانے جا رہا تھا‘ راستے میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے نہ رکنے پر ان پر فائرنگ کر دی، جس سے منور صفدر شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال لایا گیا لیکن زخموں کی تاب لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔