تھر کول فیلڈ سے چھور تک ریلوے لائن بچھائی جائے گی،امتیاز شیخ


کراچی(این این آئی)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو ملک کے دیگر پاور پلانٹس تک پہنچانے کے لئے ریلوے لنک بچھانے کا منصوبہ بہت جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چیئرمین پاکستان ریلوے بورڈ اور ریلوے کے سینئر افسران کے ساتھ گزشتہ روز اسلام آباد میں ان کی ملاقات کے دوران منصوبے کی دیگر تفصیلات پر ضروری مشاورت ہوچکی ہے اور اب تھر کول فیلڈ سے چھور ریلوے لائن تک 105 کلومیٹر طویل ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تھر کول فیلڈ کے نیشنل ریلوے ٹریک سے جڑ نے پر ملک کے تمام کول پاور پلانٹس کو تھر کا کوئلہ پہنچایا جاسکے گا اور ملک کے پاور پلانٹس کو تھر کے کوئلے پر چلانے سے درآمدی کوئلے پر خرچ ہونے والے کثیر زرمبادلہ کی بچت ہوگی جس سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ تھر کا کوئلہ ملکی توانائی کی ضروریات کو پوری کرنے کی مکمل صلاحیت کا حامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ تھر کول فیلڈ سے نیشنل ریلوے ٹریک چھور تک ریلوے ٹریک بچھانے کا کام 14 ماہ میں مکمل ہوگا۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ اسلام آباد میں محکمہ توانائی سندھ اور چیئرمین پاکستان ریلوے بورڈ کے مابین منعقدہ اجلاس میں پاکستان ریلوے کے سینئر افسران کے علاوہ محکمہ توانائی سندھ کے سیکریٹری ابوبکر مدنی اور محکمہ توانائی سندھ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن