لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔مسیحی برادری اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے مال روڈ، قلعہ گجر سنگھ اور کینٹ میں گرجا گھروں کے سرپرائز وزٹ کے دوران کیا۔انہوں نے سینٹ انتھونی چرچ،سینٹ میری چرچ انارکلی اور کیتھیڈرل چرچ سمیت دیگر گرجا گھروں کے سکیورٹی اقدامات چیک کئے۔انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں پر 2ہزار سے زائد جوان سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔اْنہوں نے چرچ منتظمین سے ملاقات بھی کی۔چرچز انتظامیہ نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے گرجا گھروں کی سکیورٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی اور الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے کی ہدایات دیں۔ اقلیتوں کی حفاظت، مذہبی آزادی ہماری اولین ترجیح ہے۔ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہے،اور گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی۔ڈولفن سکواڈ،پی آر یوودیگر پٹرولنگ ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی کالونیوں کے اطراف موثر گشت یقینی بنائی گئی۔