بدین، شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائزیشن کا یومِ، علاقہ میں میلے کا سماں

بدین (نامہ نگار) شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائزیشن کے چھٹے یومِ تاسیس کے موقع پر بدین کے تاریخی علاقے روپا ماڑی میں واقع شہید دودو سومرو کے مزار پر دو روزہ تقریبات کا آغاز پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے کر دیا گیا۔اس موقع پر تنظیم کے بانی و مرکزی چیئرمین محمد علی سومرو، گلزار سومرو، نظام الدین سومرو، محبوب سومرو، نظیر سومرو، عبدالجبار سومرو، آفتاب سومرو، محمد قاسم سومرو، عبدالکریم سومرو اور دیگر عہدیداران و معززین نے شرکت کی۔ سندھ سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے سومرو برادری کے افراد قافلوں کی شکل میں بدین پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور سندھی اجرک کے تحائف دیے گئے۔جلوس شہر بھر سے گزرتا ہوا روپا ماڑی پہنچا، جہاں خیموں کے عارضی شہر میں مٹھائی، خشک میوہ جات، مشروبات، کپڑے، جوتے، بچوں کے کھلونوں اور دیگر اشیاء کے اسٹالز قائم کیے گئے، جس سے علاقہ میلے میں تبدیل ہو گیا۔تقریبات کے پہلے دن تنظیمی اجلاس کے ساتھ ساتھ سندھ کا روایتی کھیل ملاکھڑا بھی منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر کے نامور پہلوانوں نے حصہ لیا اور شاندار مقابلے پیش کیے۔آج دوسرے روز ادبی کانفرنس، مشاعرہ اور محفلِ راگ رنگ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نامور ادیب، دانشور، شاعر، فنکار اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن