سکھر(نامہ نگار )سکھر پولیس نے کم عمر موٹر سائیکل چلانے، ون ویلنگ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا.چار نوعمر لڑکے تین موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار، مقدمہ درج کرلیا گیا۔گذشتہ روز ایس ایس پی اظہر مغل کی ہدایت پر تھانہ اے سیکشن پولیس نے لب مہران گلوب چوک، ملٹری روڈ سے گلوب چوک تک ون ویلنگ کرنے والے چار نوعمر محمد عثمان ولد طاہر علی شاہ سکنہ گوپانگ محلہ واری تڑ۔ علی وارث ، حسنین علی تین موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرکے لاکپ کردیا جبکہ دو لڑکے دو موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے والدین پر زور دیا ہے کہ اپنے بچوں کو معاشرے کا اچھا فرد اور فعال رکن بنانے کے لیے ان کی روزمرہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، انہیں بلوغت کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہرگز موٹر سائیکل چلانے نہ دیں، نیز اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ان کا بچہ اوباش اور آوارہ لڑکوں کی بری صحبت کا شکار ہوکر ون ویلنگ جیسے منفی اور جان لیوا رجحان کا شکار نہ ہو خدانخواستہ کسی ممکنہ حادثے کی صورت میں ان کے لیے زندگی بھر کا روگ نہ بن جائے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی بھی نوجوان یا کم عمر لڑکا ون ویلنگ کرتے ہوئے یا ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلاتا ہوا پکڑا گیا تو اس کے خلاف ہر صورت قانون حرکت میں آئے گااور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔