وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو تزویراتی سطح پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے آج اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ برطانیہ میں مقیم تقریبا سولہ لاکھ پاکستانیوں کی جانب سے مثبت پل کا کردار ادا کرنے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے قانونی نقل مکانی کے شعبے میں مستحکم ہوتے ہوئے تعاون کو مکمل بروئے کار لانے پر زور دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کی انتہائی قدر کرتا ہے جو تاریخی روابط اور مختلف امور پر مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے فروغ میں برطانیہ کی خدمات کو بھی سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی اور برطانوی حکومت کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔برطانوی ہائی کمشنر نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور وسعت دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔