ملتان (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مسیحی برادری کیلئے کرسمس کے بھرپور انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار بھرپور انداز میں منا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر گرجا گھروں کے باہر کرسمس بازار قائم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کرسچن کمیونٹی کے نمائندگان ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ گرجا گھروں کی بھرپور سکیورٹی اور تزئین و آرائش کی جائے گی۔حکومت پنجاب مسیحی برادری کی خوشیوں میں شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرجا گھروں کی صفائی اور سیوریج بہتری کیلئے محکموں کو ٹاسک دے دیا۔اس موقع پر پاسٹر یوسف رضا اور پاسٹر طلب نے کرسمس کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔