راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ روڈ پر موجود پارٹی رہنمائوں کو قیدیوں کی گاڑی میں بٹھا کر چکری روڈ پر موٹر وے کے علاقے میں اتار دیا۔ جمعرات کی شام پولیس پریزن وین سمیت اڈیالہ روڈ پر زیر تعمیر پلازہ پہنچی جہاں موجود اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، بانی پی ٹی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان، نورین خان، کزن قاسم نیازی، صاحبزادہ حامد رضا اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ پولیس کی قیدیوں کی گاڑی میں ان8 رہنمائوں کو بٹھا کر پولیس چکری روڈ کی جانب لے گئی جس کے ساتھ ہی ان رہنمائوں کے ڈرائیور اور ساتھ موجود افراد بھی اپنی گاڑیوں میں پریزن گاڑی کے پیچھے پیچھے روانہ ہو گئے، یہ رہنما بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے اور پولیس کی جانب سے واپس جانے کی تلقین مسترد کر دی، جس کے بعد پولیس نے ان رہنمائوں کو حراست میں لے لیا اور پریزن گاڑی میں پہلے چکری روڈ پر واقع ہوٹل پہنچایا، بعد میں موٹر وے کے قریب اتار دیا۔ علیمہ خان نے کہا کہ ہم عمران خان کی بہنیں ہیں اور اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے اپنے گھر سے اڈیالہ جیل آئی تھیں، دوسری بار یہ ہوا ہے کہ پولیس والے وہاں آتے ہیں اور ہمیں پولیس کی گاڑی میں بٹھا کر لے آتے ہیں۔