کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ریسٹورنٹ پر نامعلوم افراد فائرنگ کرنے کے بعد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر موڑکے قریب واقع ریسٹورنٹ پر نامعلوم ملزم فائرنگ کرنے کے بعد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ خوش قسمتی سے بم پھٹ نہ سکا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے دستی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ ریسٹورنٹ مالک کے مطابق ریسٹورنٹ پر فائرنگ اور دستی بم پھینکے جانے کا واقعہ علی الصبح سوا چار بجے کے قریب پیش آیا۔ ریسٹورنٹ مالک کا مزید کہنا تھا کہ انہیں 2022ء میں بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی جس کا مقدمہ پیر آباد تھانے میں درج کرایا تھا۔ پولیس کو جائے وقوع سے 3 گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ جلد ازجلد ملزموں تک پہنچ سکے۔