ای وی پالیسی ایندھن کی بچت، ماحولیاتی تحفظ میں مدد دے گی: وزیر توانائی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر توانائی سرادار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان میں چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے فرانس کے گرین فنڈ کے استعمال کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے ملاقات کے دوران گرین فنڈ کے استعمال کی تجویز پیش کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے حال ہی میں اپنی الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی متعارف کروائی ہے، جو سالانہ اربوں ڈالر کے ایندھن کی بچت کرے گی اور ماحولیاتی تحفظ میں مدد دے گی۔ فرانس کے سفیر نے توانائی کے شعبے میں آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ پاکستان کی مؤثر بات چیت اور معاہدوں کے خوشگوار جائزے کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ 28 آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں قومی سطح پر 1.4 ٹریلین روپے کی بچت ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت شمسی توانائی کے فروغ کو بھی ترجیح دے رہی ہے۔ اویس لغاری نے زور دیا کہ تمام اصلاحات شفافیت کے ساتھ نافذ کی جا رہی ہیں جس سے توانائی کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ پاکستان قابل تجدید توانائی اور سبز منصوبوں میں نمایاں پیشرفت کر رہا ہے۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس پاکستان کے ای وی منصوبوں اور دیگر توانائی اصلاحات کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر غور کرے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن