پتوکی (نامہ نگار) 2 افراد کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چونیاں روڈ پر امام بارگاہ چوک کے قریب خاتون کھلے مین ہول میں گر گئی۔ خاتون کو بچانے کے لیے 2 راہگیر نوجوان بھی گٹر میں کود گئے، مین ہول میں اترنے والے نوجوان بھی پھنس گئے جن کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون اور دونوں نوجوانوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کیا جہاں خاتون اور ایک نوجوان دم توڑ گئے جبکہ ایک نوجوان کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ زینت بی بی اور 25 سالہ کاشف کے نام سے ہوئی۔ حادثہ کے باعث 2 گھنٹے ٹریفک بلاک رہی، جس سے چاروں طرف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔