مریدکے: ٹائر جلانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹ گیا، ایک مزدور جاں بحق

مریدکے+ فیروز والا+ نارنگ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) مریدکے نارووال روڈ پر واقع گاؤں ڈالہ واھگہ کے قریب ٹائر جلانے والی غیر قانونی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ آٹھ مزدور بری طرح جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بوائلر پھٹنے سے سینکڑوں لٹر کھولتا ہوا تیل مزدوروں پر گر گیا جس سے تمام مزدور بری طرح جھلس گئے۔ سجاد نامی محنت کش ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ تاہم ریسکیو 1122 نے دیگر جھلسنے والے مزدوروں کو مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد 4 شدید زخمی مزدوروں کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔ مقامی ڈاکٹرز کے مطابق سات مزدورں کا تقریباً 60/70 فیصد جسم کا حصہ بری طرح جھلس گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت ارشد ولد شبیر سکنہ منوں آباد، علی حسن ولد ناصر سکنہ منوں آباد، اسد ولد عامر شاہ منوں آباد، تجمل شاہ ولد قمر شاہ منوں آباد، ناظم شاہ ولد نذیر شاہ منوں آباد، شاہد ولد نذر محمد منوں آباد، زین ولد افتخار سکنہ منوں آباد اور عبدالرزاق ولد غلام محمد ڈالہ واھگہ سے ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن