اسلام آباد(خصو صی ر پور ٹ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ''ایجوکیشن ایکسپو 2025'' کا کامیاب اور شاندار انعقاد کیا گیا، جسے طلبہ، اساتذہ اور شرکا کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس ایکسپو کا مقصد نوجوان نسل کو تعلیمی، پیشہ ورانہ اور تکنیکی ترقی کی راہوں سے روشناس کرانا تھا۔ایکسپو میں ملک بھر کی مختلف جامعات، صنعتی و تجارتی اداروں اور تحقیقی تنظیموں نے اپنے معلوماتی اسٹالز قائم کیے، جنہوں نے طلبہ کو کیریئر گائیڈنس، جدید ٹیکنالوجی، ہنر مندی اور تعلیمی مواقع کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔ تقریب کے آغاز پر جامعہ کے وائس چانسلر نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر،، پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد، راجہ عمر یونس،، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ،، ڈاکٹر صائمہ ناصر، اور دیگر اعلی افسران کے ہمراہ تمام اسٹالز کا معائنہ کیا۔ وائس چانسلر، ڈاکٹر ناصر محمود نے کہاکہ مجھے اپنی یونیورسٹی کی ٹیم، خصوصا اورک آفس کی ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈاکٹر صائمہ ناصر کی انتھک محنت، لگن اور جذبے پر بے حد فخر ہے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی، سینٹورس کے سی ای او، سردار یاسر الیاس خان تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف انہیں درست سمت میں رہنمائی اور موزوں مواقع فراہم کرنے کی ضرروت ہے ۔ اختتام پر شرکا، اسٹالز لگانے والے اداروں اور پارٹنر آرگنائزیشنز کو اعزازی اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔