وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئی گاڑیاں مل گئیں

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئی گاڑیاں مل گئیں۔ وزیراعلیٰ آفس میں نئی گاڑیاں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئی گاڑیوں کی علامتی چابی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل ڈبلیو ایم سی رافیعہ حیدر کے حوالے کی۔ صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، یاسر ہمایوں، مراد راس،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عیدالاضحی پر لاہور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے جامع پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشیں موثر طریقے سے اکٹھی کرنے اور ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے گزشتہ برس سے بہترین انتظامات کئے جائیں۔عیدالاضحی صفائی آ پریشن کی نگرانی کے لئے قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کا دورہ کروں گا۔صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے معیاری،مربوط اور سستا نظام تشکیل دیاہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو حقیقی معنوں میں آپریشنل کمپنی بنایا جائے گا۔پرائمری کولیکشن لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جدید اور نئی مشینری سے خود کرے گی۔ سیکنڈری ویسٹ کولیکشن کے لئے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائمری کولیکشن کے لئے درکار 933 نئی گاڑیاں خریدنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ یہ تمام گاڑیاں ایل ڈبلیو ایم سی کی ملکیت ہوں گی۔  کوڑا کرکٹ کی موثر انداز میں تلفی کیلئے 6000 کنٹینرز خرید کر شہر کے مختلف مقامات پر رکھوائے جا چکے ہیں۔ بدعنوانی کے عوامل کو ختم کرنے کیلئے ویجیلنس سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ رواں سال تمام مشینری کی دستیابی کو یقینی بنا کر شہریوں کیلئے معیاری صفائی کے نظام کو مکمل فعال بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو عیدالاضحی پر صفائی و دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہری 15لاکھ سے زائد ماحول دوست ویسٹ بیگز 290 یونین کونسلز اور 18 ماڈل کیمپس سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔آلائشوں کی بر وقت اور موثر انداز میں تلفی کے لئے 119عارضی کولیکشن پوائنٹس اور 5 ڈمپنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ شہر سے تعفن اور بدبو کے خاتمے کے لئے فنائل اور چونے کا استعمال کیا جائے گا۔ شہری ہیلپ لائن 1139اور سوشل میڈیا پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔عیدالاضحی سے قبل مشینری کی پہلی کھیپ کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ہے.

ای پیپر دی نیشن