اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پی ٹی آئی نے آئندہ کیلئے الیکشن کمشنرآف اور ممبران سندھ و بلوچستان کی تقرری کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو خطوط ارسال کردئیے۔ سپیکر قومی اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور چیئرمین سینٹ کو اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے مکتوب ارسال کیا۔ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، خط کے متن کے مطابق آرٹیکل215 کے تحت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ سکندر سلطان راجہ کی مدت 26 جنوری کو ختم ہو گی جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی ہے۔