لاہور (نامہ نگار) گرین ٹاؤن میں سوتیلے باپ نے 5سالہ بیٹی پر تیزاب پھینک دیا جس سے بچی جھلس کر شدید زخمی ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بچی والدین کی طلاق کے بعد اپنے سگے دادا کے ساتھ رہتی تھی۔ ماں نے دوسری شادی کر لی تھی۔ ماں کے کہنے پر ملزم حمیدو اور امانت بچی کو لینے اس کے دادا کے گھر آئے۔ بچی نے سوتیلے باپ کے ساتھ جانے سے انکار کیا، جس پر طیش میں آکر سوتیلے باپ حمید نے بچی پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب سے بچی کا 20 فیصد جسم جھلس گیا۔ متاثرہ بچی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بھی واقہ کا نوٹس لے لیا اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو متاثرہ بچی و لواحقین سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔ چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔