مستونگ ‘ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ‘ بلوچستان کا نسٹیبلری کے 3اہلکار شہید 19زخمی

  کوئٹہ+ ٹانک+ کوہاٹ+ اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوگئے۔  سکیورٹی ذرائع  کے مطابق  ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا  شمس آباد کے قریب  دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا۔  بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا۔ دھماکا اس وقت کیا گیا جب  بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ 19 زخمی ہیں۔ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور  زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے  ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی  مذمت کی اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہاکہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت بلوچستان شہداء کے اہل خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ ادھر خیبر پی کے کے ضلع ٹانک میں راکٹ حملے سے 7 مزدور زخمی ہوگئے۔کے پی پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے وزیرآباد میں ریسکیو 1122 کی زیر تعمیر عمارت پر راکٹ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں  7 مزدور زخمی ہو ئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ حملے سے عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ کوہاٹ میں پنڈی روڈ پر فائرنگ سے سابق ضلع ناظم ملک اسد خان قتل ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملک اسد سابق آئی جی خیبر پی کے ملک نوید کے بھائی تھے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ملک اسد کا ساتھی زخمی ہو گیا۔ ملک اسد کو کوہاٹ سے راولپنڈی جا رہے تھے، ملزموں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری  نے مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت  کی ہے۔ 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا، صدر مملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ  کیا۔ بلاول بھٹو زرداری، سید نئیر حسین بخاری، شازیہ مری، ندیم افضل چن، سینیٹر روبینہ خالد اور شیری رحمان و دیگر  نے لواحقین کیلئے صبر جمیل‘ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن